پاکستان کی بھارت کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی دینے کی باضابطہ پیشکش
پاکستان نے بھارت کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کی باضابطہ پیشکش کردی، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارتی جاسوس تک قونصلر رسائی پیشکش پر جواب کا انتظار ہے۔17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے بھارت کی را کے جاسوس کو بری کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی اور پاکستان کو بھی کہا تھا کہ بھارت کو کلبھوشن یادیوتک کونسلر رسائی دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرفیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دس ہزار فوجیوں کی تعیناتی پر تشویش کا اظہار کیا ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسزکے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم جاری ہیں، اقوام متحدہ کاانسانی حقوق کمیشن متعددمرتبہ نشاندہی کرچکا ہے۔
امریکی صدر کے ممکنہ دورہ پاکستان سے متعلق ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان پر کام ہو رہا ہے تاہم حتمی تاریخ کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔