Aug 04, 2019 05:01 pm
views : 276
Location : KPT Headoffice
Karachi- Determined to make Karachi free of garbage Ali Zaidi
وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کردیا
وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کردیا،انہوں نے صوبائی حکومت کو 2 ہفتوں میں کراچی کے 6 اضلاع سے کچرا صاف کرکے دکھانے کا چیلنج دے رکھا ہے ۔
تحریک انصا ف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی نے آج کراچی پورٹ ٹرسٹ بلڈنگ میں منعقدہ تقریب میں کلین کراچی مہم کا افتتاح کیا ، یہ مہم وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر شروع کی گئی ہے جس کا مقصد دو ہفتوں میں کراچی کے تمام نالوں کی صفائی اور شہر بھر کا کچرا اٹھانا ہے۔
مہم کی تھیم ’اب ہوگا صاف کراچی‘ رکھی گئی ہے جس کے پہلے مرحلے میں 14 اگست تک شہر کے 32 بڑے نالے صاف کیے جائیں گے اور بند نالوں کو کھولا جائے گا۔ اس کے بعد شہر سے کچرا اٹھایا جائے گا، سڑکوں اور اہم شاہراؤں پر موجود گندگی کو صاف کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیت صاف ہو تو ساری دنیا پیچھے چلنے لگتی ہے ، اگر میئر کراچی وسیم اختر اس مہم میں ہمارے ساتھ نہ ہوتے تو ہمارے لیے یہ مہم بہت بڑی مشکل بن جاتی۔
کراچی صفائی مہم سے متعلق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ ابھی سندھ حکومت کو صفائی مہم پر ہونے والے خرچ کا اندازہ نہیں ہے، ایف ڈبلیو او اس کام کی نگرانی کرے گی جس میں منافع کا دخل نہیں ہے،انکا کہنا تھا کہ لانڈھی انڈسٹریل ایریا کے صنعت کارروں نے علاقہ صاف کرنے کی پیش کش کی ہے۔
علی زیدی نے صوبائی سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تو پلاسٹک بیگس پر پابندی لگانی چاہیے کیوں کہ سمندر میں جا کر یہ پلاسٹک بیگ تباہی مچاتے ہیں،وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی حمایت اور شرکت کے بغیر یہ کام ممکن نہیں ہے لہٰذا اس مہم میں سب کے تعاون کی ضرورت ہے،علی زیدی کی صفائی مہم کے اقدام کو کرکٹ کھلاڑی، شوبز شخصیات اور شہریوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔