لاہور،پولیس کے شہدا کی قربانیاں اس ملک پر قرض ہیں,گورنر پنجاب
گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ پولیس کے شہدا کی قربانیاں اس ملک پر قرض ہیں، حکومت شہدا کے خاندانوں کی امداد کیلئے تعاون کریگی۔
مادر وطن کا دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں اور افسران کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یوم شہداء پولیس منایا جا رہا ہے۔
یوم شہداء کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں شہداء کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پروگرام اور دعائیہ تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔
لاہور میں یوم شہداء کی تقریب سے خطاب میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں پر زمین مزید تنگ کردی ہے، بھارت کشمیریوں پر بہت ظلم کر رہا ہے، عالمی برادری کو بھارت کے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے، امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش بھارت کو برداشت نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا خاتمہ کردیا ہے، ہمارے شہدا کی قربانیاں ہمارے اوپر قرض ہیں، ہم انہیں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حکومت شہداء کے خاندانوں کی امداد کیلئے تعاون کرے گی۔