اسلام آباد،قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس،بھارتی جارحیت خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارتی جارحیت کو خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار دے دیاگیا۔
قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کے اجلاس میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت نے کشمیر میں کلسٹر بموں کے استعمال پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی شرانگیزی کی صورت میں بھرپور جواب دینے کو تیار ہیں۔
کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی نے بھارت کے جنگی جنون میں اضافہ کردیا ہے،دشمن کی جانب سے وادی نیلم میں کلسٹرزبم فائرکئے جانے اور کشمیر میں بدلتی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کیلئےکھلونا نما کلسٹرز بموں کے استعمال کی شدید مذمت کی گئی اور بھارتی جارحیت کو خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار دیا گیا۔
پاکستان کی فوجی اور سول قیادت نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔