کوئٹہ: سانحہ 8 اگست کے شہداء کیلئے ضلع کچہری میں فاتحہ خوانی
کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سانحہ آٹھ اگست دو ہزار سولہ کے شہداء کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے اس سلسلے میں کوئٹہ میں وکلاء تنظیموں کی جانب سے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے وکلاء شریک ہوئے اس سلسلے میں سانحہ شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کوئٹہ شہر میں بڑے بڑے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔
آٹھ اگست دو ہزار سولہ کو دہشتگردوں نے وکلاء کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس پر انہیں سول اسپتال کوئٹہ لے جایا گیا تو دہشتگردوں کے وہاں پہلے سے موجود ساتھی نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا جس میں چھپن وکلاء سمیت تیہترافراد جاں بحق ہوگئے تھے جن میں ناموروکلاء بھی شامل تھے، شہید وکلاء کے یاد میں تقریب اور سیمینارز کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
اسی سلسلے میں آج ضلع کچہری میں فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا، جس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چیف جسٹس بلوچستان جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے شرکت کی۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے ججز، وکلاء کی بڑی تعداد نے بھی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔ اس موقع پر
مقامی آرٹس کے جانب سے تحفہ کی گئیں پینٹنگز جسٹس فائز عیسیٰ نے کوڈآف کنڈکٹ کے تحت لینے سے انکار کرتے ہوئے پینٹنگزوکلاء تنظیموں کے حوالے کیں اور شہدائے 8 اگست کیلئے لکھا گیا خط بھی پڑھ کر سنایا۔