Aug 08, 2019 08:15 pm
views : 280
Location : Foreign Office
Islamabad-Pakistan to approach UNSC over India’s move to revoke Article 370, FM
اسلام آباد،پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل میں لے جانے کا اعلان
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں لے جانے کا اعلان کردیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کی جائے گی، سفارتکاروں کی نقل و حمل بھی محدود کی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں دوبارہ جانے کا فیصلہ کیا ہے، بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دینا غلط ہے، ہم نے 28 ممالک کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں اور اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوج تعینات ہے، ہر گھر کے باہر سپاہی موجود ہے، مقبوضہ کشمیر کو بھارت نے جیل بنادیا، بھارت کب تک 1کروڑ 40 لاکھ کشمیریوں کو قید میں رکھے گا، کشمیر بین الاقوامی متنازع مسئلہ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارت نے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش مسترد کردی ہے، پاکستان کے فیصلے سے افغانستان کی تجارت متاثر نہیں ہوگی، پاکستان کی جانب سے فضائی حدود محدود کرنے کی خبر غلط ہے، پاکستان نے فضائی حدود محدود نہیں کی، بھارتی یکطرفہ اقدام کے خطے پر منفی اثرات ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین بند کیے جانے کی تصدیق کی۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ ہم چوکس ہیں لیکن ملٹری آپشن زیر غور نہیں، پاکستان نے سفر کا آغاز کردیا ہے اور مشترکہ قراداد اس کا آغاز ہے، قومی سلامتی کمیٹی کی قائم کمیٹی میں تمام اداروں کی نمائندگی ہے، چین سے واپسی کے بعد اس کمیٹی کا اجلاس ہوگا، بھارت ہمیں نظر ثانی کرنے کو کہہ رہاہے،تو دو طرفہ نظر ثانی کیوں نہیں۔