کراچی، ملک بھر میں 72واں جشن آزادی بطوریوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے
پاکستان سمیت دنیا بھرمیں جہاں جہاں پاکستانی مقیم ہیں وہ آج 14اگست کو یوم آزادی ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے جوش وجذبے کے تحت منا رہے ہیں۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن کی سلامتی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کی دعاؤں سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 جب کہ صوبائی داراالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں پاک بحریہ کے یونٹ پی این ایس بہادر میں 21توپوں کی سلامی پیش کی گئی اور مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے اڑتالیس کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
اس موقع پر وزیر اعلی سندھ سیدمرادعلی شاہ اور ناصر حسین شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم و بر بریت کا طوفان برپا کیا ہوا ہے اور سیاسی رہنماؤں کو قید میں رکھا ہوا ہے ہم اسکی شدید مذمت کرتے ہوئے آج یوم آزادی سادگی سے منا رہے ہیں۔
اس موقع پر موجود ناصر حسین شاہ نے یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری بھائی بہنوں کے ساتھ ہیں اور انشاء اللہ کشمیر بنے گا پاکستان۔
مزار قائد پرآئے ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ آج پورا پاکستان کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم آزادی منا رہا ہے۔
ایک خاتون کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں سب کو جشن آزادی مبارک ہواور انشاء اللہ کشمیر پاکستان بنے گا اور ہمیشہ آزاد رہے گا۔