اسلام آباد،پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،صدرمملکت
صدرمملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنیکا بھارتی فیصلہ گھناؤنی سازش ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے نؤکنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی کابینہ کے ارکان، غیرملکی سفارت کار سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر اعلیٰ سول اور فوجی قیادت سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی تقریب میں شریک تھے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کنونشن سینٹر میں قومی پرچم لہرایا اور اس موقع پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ بعدازاں تقریب کا باقاعدہ آغاز قرآن پاک کی تلاوت اور نعت رسول ﷺ سے ہوا۔
صدرمملکت عارف نے یوم آزادی اوریوم یکجہتی کشمیر کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے،ہم اس وقت تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد کریں گے جب تک انہیں حق خود ارادیت نہیں ملتا۔کشمیری ہمارے اورہم کشمیریوں کے ہیں،ان کادکھ ہمارادکھ ہے،اور ان کی آنکھ سے گرنے والا ہرآنسو ہمارے دل میں گرتا ہے۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ہمارے امن پسندی کو بھارت کمزوری نہ سمجھے، مسلمان جنگ کی تمنا نہیں کرتے لیکن جنگ مسلط کی گئی تو پیچھے نہیں ہٹیں گے، یہ جنگ دو ملکوں کی جنگ نہیں ہوگی بلکہ پوری دنیا اور خطہ اس کے اثرات محسوس کرے گی۔