راولپنڈی،ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے ہیں، جس کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے ٹویٹر کے ذریعے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت نے ایل او سی پر فائرنگ بڑھا دی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزیوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، یہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، تاہم پاک فوج پر فائرنگ کے جواب میں پانچ بھارتی فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی فوج کے کئی بنکرز تباہ ہو گئے، بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے کارروائیاں کر رہا ہے۔