Aug 16, 2019 11:00 am
views : 264
Location : Domestic place
Fake accounts case: Court sends Asif Ali Zardari to jail on judicial remand
جعلی اکاؤنٹس کیس: عدالت نے آصف زرداری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
احتساب عدالت اسلام آباد میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق صدر آصف زرداری کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں نئی پیشرفت ہوئی ہے، ایک ملزم نے بیان دیا ہے آصف زرداری سے کنفرنٹ کرانا ہے، مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
وکیل لطیف کھوسہ نے کہا پہلے ہی کہا تھا ایک ہی بار 90 روز کا ریمانڈ دے دیں، یہ 4 روز کا ریمانڈ لے کر پھراگلی بار آکر نیا ریمانڈ مانگ لیتے ہیں، بار بار پیشی سے نقصان سرکاری خزانے کو ہی ہو رہا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے عدالت میں کہا عید کی نماز بھی نہیں پڑھنے دیتے، عرفان منگی یہاں ہو تو پوچھوں کہ یہ کونسی اسلامی ریاست ہے، عدالتی اجازت کے باوجود میری بیٹی کو مجھ سے ملنے نہیں دیا گیا۔
یاد رہے عدالت نے نیب کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ میں آصف زرداری سے تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیا تھا، جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ ریفرنس میں سابق صدر کا 62 روزہ جسمانی ریمانڈ ہو چکا ہے۔ آصف علی زرداری کی پیشی پر جوڈیشل کمپلیکس اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔