اسلام آباد،بھارت ایل او سی کے دونوں اطراف کشمیریوں کو بربریت کا نشان بنا رہا ہے، فردوس عاشق اعوان
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارت ایل او سی کے دونوں اطراف کشمیریوں کو اپنے ظلم اور بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارت کے جارحانہ عزائم خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں، ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وطن کے دفاع کی خاطر قربان ہونے والے شہداء ہمارا فخر ہیں، پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے گزشتہ روز پاک فوج کے تین جوان شہید ہوئے تھے جب کہ بھارتی فوج نے آج پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک اور جوان شہید ہو گیا۔