Aug 17, 2019 03:11 pm
views : 273
Location : Foreign Office
Islamabad-Meeting of Special Committee held on occupied Kashmir
اسلام آباد، کشمیر سے متعلق وزیر اعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کا پہلااجلاس
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر وزیر اعظم عمران خان کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا پہلا ان کیمرہ اجلاس وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر وزیر اعظم عمران خان کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا پہلا ان کیمرہ اجلاس وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، چیرمین قائمہ کمیٹی قومی اسمبلی برائے امور خارجہ مشاہد حسین سید، چیئرمین سینٹ کمیٹی برائے امور خارجہ سید فخر امام، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین، سید نوید قمر،ممبران خصوصی کمیٹی،اٹارنی جنرل آف پاکستان سول و عسکری قیادت شریک ہوئے۔
اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدام اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ ء خیال کے ساتھ ساتھ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے سیکورٹی کونسل کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس اور اس کے ثمرات کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں منعقد ہونے والے نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں اس کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی تھی۔