Aug 17, 2019 04:54 pm
views : 260
Location : Foreign Office
Islamabad-FM Qureshi announces formation of ‘Kashmir cell’ in FO
اسلام آباد، بھارت کے کسی بھی مس ایڈوینچر کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں، وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر وزارت خارجہ میں کشمیر سیل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خصوصی کشمیرجائزہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک مسلسل اپ ڈیٹ ہوتی ہوئی صورتحال ہے جس کا ایک سیاسی پہلو ہے اور ایک عسکری پہلو ہے، وزیراعظم نے کشمیرکی صورتحال پرنظررکھنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے، آج اس کمیٹی کے پہلے اجلا س میں کافی طویل بات چیت ہوئی۔اجلاس کے شرکاء نے اپنی رائے پیش کی، اور سب کی تجاویزآئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کمیٹی اجلاس میں اپوزیشن کوبھی نمائندگی دی،اجلاس میں شرکت پراپوزیشن اراکین کاشکرگزارہوں۔ پارلیمنٹ کے بعد آج بھی یکجہتی کاپیغام ساری دنیا میں گیاجس میں سب کاان پٹ آیاہے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مودی نے نہرو کے بھارت کو دفن کر دیا ہے،، نہرو اور مودی کے بھارت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ حالات کی مناسبت سے فارن آفس میں کشمیر سیل تشکیل دیا جارہا ہے، جس کے لیے ہم افراد قوت اور لائحہ عمل طے کریں گے، ساتھ ہی ساتھ دنیا کے اہم ممالک میں موجود پاکستانی سفارت خانوں میں کشمیر ڈیسک بھی تشکیل دیا جائے گا، جہاں کشمیر سے متعلق امور پر پاکستان کا فوکل پرسن بھی موجود رہے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفورمیڈیا سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت نے سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو بھرپور سرپرائز دیں گے، مسلح افواج قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ مودی نے اپنی مذموم حرکت کر کے مسئلہ کشمیر کے لیے اچھا کام کیا، سرد خانے میں پڑا مسئلہ پوری دنیا کے لیے فلیش پوائنٹ بن گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ قوم تسلی رکھے پاک فوج صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے، مسلح افواج قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ 3 روز میں ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔