Aug 23, 2019 01:44 am
views : 263
Location : Domestic place
India fails as FATF satisfied over Pakistan in curbing money laundering
ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے بلیک لسٹ ہونےکا بھارتی پراپیگنڈا ناکام
بھارت کی جانب سے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ کروانے کیلئے کی گئی متعدد کوششیں ناکام ثابت ہوئیں، اب انڈین میڈیا اپنی ناکامی چھپانے کیلئے پاکستان کے بلیک لسٹ ہونےکا جھوٹا پراپیگنڈا جاری رکھے ہوئے ہے۔ حالانکہ حقیقیت یہ ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک گروپ سے مذاکرات کر رہا ہے، پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی سفارشات کی روشنی میں کئے گئے اقدامات کی رپورٹ ایف اے ٹی ایف کو جمع کروائی ہے جس کا ایشیا پیسفک گروپ جائزہ لے رہا ہے۔
ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک گروپ کا 22 واں اجلاس 18 سے 23 اگست تک جاری رہا جس میں 46 رکن ممالک اور 13 عالمی اداروں کے 520 مندوبین شریک ہوئے، اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایشیا پیسفک گروپ نے 6 اہم تجزیاتی رپورٹس کا جائزہ لیا جو پاکستان، چین، ہانگ کانگ، فلپائن، سولومن آئی لینڈ اور چائنیز تاپی سے متعلق تھیں۔ ان رپورٹس پر اپنی رائے اے پی جی اکتوبر میں جاری کرے گی۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں شامل اراکین نے دہشتگردوں کی مالی معاونت سے متعلق آپریشنل پلان کی منظوری بھی دی جس کے مطابق دہشتگردوں تک فنڈنگ کی روک تھام کے جدید طریقہ کار کو اپنایا جائے گا۔
ایشیا پیسفک گروپ کے جاری کردہ اعلامیے میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کا ذکر تک موجود نہیں، یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہےکہ ایشیا پیسفک گروپ پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، پاکستان کا درجہ بدلنے کا اختیارصرف ایف اے ٹی ایف کو حاصل ہےجس کا اجلاس رواںسال اکتوبر میں ہوگا۔