اسلام آباد، کشمیری عوام کیسے رہ رہے ہیں کسی کو معلوم نہیں ، کاش آج عالم اسلام اکٹھا ہوتا،چیئرمین کشمیر کمیٹی
کشمیر کمیٹی کے چیئر مین سید فخر امام نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نے برصغیرمیں ایسا اقدام اٹھایا ہے جس کو جواب سوچ سمجھ کردیا جائے گا،اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔
مزارگولڑہ شریف پر ختم نبوت اور 119 واں فتح مبین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا کانفرنس کی صدارت پیر سید غلام معین الحق گیلانی کررہے تھے ۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخرامام نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نے برصغیرمیں ایسا اقدام اٹھایا ہے جس کو جواب سوچ سمجھ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم نے کشمیر کو شہ رگ کہا تھا اور یہ آج بھی شہ رگ ہے۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہم دوبارہ سلامتی کونسل جائیں گے، ہمارا امتحان ہے ہم کیسے کشمیریوں کو حق دلا سکتے ہیں، ہم پاکستانی ہر قربانی دےکرکشمیریوں کا ساتھ دیں گے،یہ بات ثابت ہوچکی کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے، اقوام متحدہ نے کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دیا،اقوام متحدہ نے کہا کشمیری عوام کے ووٹ سے مسئلہ حل کیا جائے گا ،انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکی ہے، کشمیر میں بھارتی اپوزیشن کے وفد کو بھی نہیں جانے دیا گیا ، کشمیری عوام کیسے رہ رہے ہیں کسی کو معلوم نہیں ، کاش آج عالم اسلام اکٹھا ہوتا۔