کراچی، سندھ ہائیکورٹ میں مصطفیٰ کمال کی پراجیکٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے معطلی کیخلاف درخواست دائر
سندھ ہائی کورٹ میں مصطفیٰ کمال کی ڈائریکٹر گاربیج سے معطلی کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی،جس میں کہا گیا ہے کہ معطلی غیر قانونی قرار دے کر تین ماہ میں صفائی کا موقع دیا جائے۔درخواست میں میئرکراچی، مصطفی کمال اور سیکریٹری بلدیات کو فریق بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج مصطفی کمال کی معطلی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ میئرکراچی کے معطلی کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست محمد اقبال کاظمی نے دائرکی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مصطفیٰ کمال نے شہر کو کچرے سے پاک کرنے کیلئے 90 روز کا چیلنج قبول کیا۔
درخواست گزار نے کہا میئر کراچی وسیم اختر اوروزیر بلدیات سندھ فرائض نبھانے میں ناکام رہے، عید قربان اوربارشوں کے دوران نااہلی کی سزاکراچی کے شہریوں کوبھگتنا پڑی۔میئرکراچی وسیم اختر نے مصطفی کمال کو پروجیکٹ ڈائریکٹر تعیناتی کا اگلے روز ہی نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ مئیر کراچی کو اگر کوئی شکایت تھی توضابطے کے تحت پہلے شوکاز نوٹس جاری کرتے۔ شوکاز نوٹس کے بغیر معطلی کا نوٹی فکیشن غیر قانونی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی مصطفی کمال کی معطلی غیرقانونی قرار دے کر 3ماہ میں صفائی کا موقع دیا جائے۔