Aug 29, 2019 08:20 pm
views : 274
Location : Different Places
Karachi- Rain will Continue till Friday's Evening
کراچی، ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جمعے کی شام تک جاری رہنے کا امکان
کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جمعے کی شام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا موسم 15 ستمبر تک کراچی میں رہے گا، ستمبر کے دوسرے ہفتے میں ایک اور سسٹم کراچی سمیت سندھ کو اثر انداز کرسکتا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان میں موسم پر نظرآرہے ہیں۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے جب کہ جمعہ کی دوپہر تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
بدھ کی سہہ پہر ہونے والی بارش وقفے وقفے سے برستی رہی، رات میں ہونے والی بارش تیز ہواؤں اور بجلی کی کڑکڑاہٹ کے ساتھ ہوئی، تیز ہواؤں سے کئی علاقوں میں درخت بھی گرگئے۔ کورنگی مہران ٹاؤن میں دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
شہر قائد کے باسی بارش سے خوش ہونے کے بجائے اب کچھ خوف زدہ سے ہوگئے ہیں کیونکہ پچھلے دنوں ہونے والی بارشوں میں ہونے والی ہلاکتوں اور جمع ہونے والے پانی کی وجہ سے شہری اب تک اس کرب سے نہیں نکل پائے ہیں۔
شہر میں سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 32 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ صدر میں 28، یونیورسٹی روڈ پر20، سرجانی ٹاؤن میں 11، جناح ٹرمینل پر 9، لانڈھی میں 8، ائیرپورٹ پر5 اور پی اے ایف فیصل بیس پر 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی جن میں یونیورسٹی روڈ، نارتھ ناظم آباد، سائٹ انڈسٹریل ایریا، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، لیاری، سہراب گوٹھ، ایف بی ایریا اور آئی آئی چندریگر روڈ شامل ہیں۔
بارش کے باعث شاہراؤں پر موٹر سائیکل پھسلن کے کئی واقعات بھی رونما ہوئے جب کہ کئی علاقوں میں بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔