کوئٹہ،میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حق میں ریلی
کوئٹہ میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی،صاف وشفاف ماحول اورشجر کاری کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ریلی میں شریک افراد نے ماحول دوست بیگز کے استعمال کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
زرغون روڈ سے نکالی جانیوالی ریلی میں گلوکار، شاعر،ادیب اورفنکاروں نے اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا۔ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ریلی نکالنے کا مقصدکوئٹہ اور بلوچستان کو سرسبز اور شاداب ماحول فراہم کرنے کیلئے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر جاوید جمال نے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنا شہر صاف کرنا ہے شہر صاف ہوگا تو ملک صاف ہوگا انہو ں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی اور دیواروں پر وال چاکنگ کی روک تھام کی جائے۔
ریلی میں شریک سید سردار قربان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں کچرا جمع کرنے کے بعدڈمپ کرکے آگ لگا دی جاتی ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی بڑھ رہی ہے اورپھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔