Aug 30, 2019 02:15 pm
views : 263
Location : Domestic Places
Islamabad- Aamir Liaquat criticizes Firdous Ashiq Awan
اسلام آباد،پارٹی سے ناراض عامر لیاقت کے فردوس عاشق پر سخت تنقید
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت ایک بار پھر پارٹی سے ناراض ہوگئے اور انہوں نے وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر کرپشن کو تحفظ دینے کا بھی الزام لگادیااور کہا کہ ’پی ٹی وی میں سنگین بے قاعدگیوں کو تحفظ دینے کے سوا فردوس عاشق اعوان کو آتا کیا ہے؟
گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے وزیراعظم کی جانب سے کشمیر آور منائے جانے کے اعلان کی جہاں تحسین کی وہیں انہوں نے ٹوئٹر کے ذریعے فردوس عاشق اعوان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
عامر لیاقت نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’عمران خان نے جمعے کے روز 12 سے ساڑھے 12 تک کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا کہا ہے،مگرفردوس عاشق فرماتی ہیں کہ جو جہاں موجود ہو وہ 3 منٹ کے لیے 12 بجے کھڑا ہوجائے، بات کرنے کا کوئی طریقہ ہوتا ہے، اپیل اور حکم میں فرق ملحوظ خاطر رکھیں، قوم دل سے کشمیریوں کے ساتھ ہے، حکم کی ضرورت نہیں‘۔
عامر لیاقت کامزید کہنا تھا کہ ’بے ہنگم گفتگو، تسلسل سے مسلسل فضول الفاظ کی دھول، عمران خان کی ہدایات کے برعکس فردوسی بیانات کی یلغار، تنگ کرکے رکھا ہوا ہے پوری قوم کو‘۔
عامر لیاقت نے فردوس عاشق اعوان کونا اہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’جب سے فردوس عاشق کو یہ وزارت ملی اس سے کوئی اچھی خبریں نہیں آتیں، وہ یہ وزارت چھوڑدیں اور کوئی کام کریں، عوام انہیں ویسے بھی مسترد کرچکے ہیں‘۔
عامر لیاقت اور معاون خصوصی فردوس عاشق کے درمیان کشیدہ تعلقات پر وزیراعظم عمران خان نے بھی نوٹس لیا ہے اور اس حوالے سے گزشتہ روز پریس بریفنگ میں فردوس عاشق نے کہا کہ اگر کسی رکن کو کوئی مسئلہ ہے تو اس پر بات کرنے کا پلیٹ فارم پارٹی ہے، اس کے باہر بات کرنے پر ایکشن لیا جائے گا۔