کراچی،جماعت اسلامی کا آزادی کشمیر مارچ،ہزاروں افراد کی شرکت
جماعت اسلامی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شارع فیصل پر آزادی کشمیر مارچ کیا گیا،کراچی میں شدید بارش کے باوجود جماعت اسلامی کے آزادی کشمیر مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی،جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستان اورآزاد کشمیر کے پرچم ،بینرز اور پلے کارڈ ز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے خلاف نعدرے درج تھے۔
کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں،کشمیر ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ، اگر ہم کشمیر میں آزادی کی جنگ ہار گئے تو انڈیا میں ہمارے کروڑوں بھائی بہنو ں کی جان ومال اور عزت خطرے میں پڑ جائیگی۔انہوں نے مجھے ہندوستان کے مسلمانوں کا پیغام ملاہے کہ مودی نے کہاہے کہ میں نے ہندوستان کی تمام مساجد کومسمار کرکے وہاں مندروں کوتعمیر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد کے نتیجے میں کئی پاکستان بنیں گے اور ہندوستان ٹکڑے ٹکڑے ہوگا ۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ حکومت پاکستان اپنا فرض ادا کرے اور بھارت کو مجبور کرے کہ کشمیر سے اپنی فوج کو نکالے۔