Sep 02, 2019 12:28 pm
views : 269
Location : Domestic Place
Islamabad- India accepts Pakistan offer granting consular access to Kulbhushan Jadhav
اسلام آباد،بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو قونصلر رسائی آج دی جائے گی
پاکستان کی جانب سے بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن جادھو کو آج قونصلر رسائی دی جائے گی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں پر عمل کرنے کا پابند ہے اور بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو 2 ستمبر کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم عمران خان کی کشمیر کی آواز پر یکجا ہے، کشمیر آور میں پوری قوم نے ہمارا ساتھ دیا، ہماری کوشش ہے کہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھایا جائے جب کہ 27 ستمبر کو پوری دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کو یو این او میں اٹھایا جائے گا۔ان کا کہنا ہے کہ جنگ آخری آپشن ہوتاہے اور کوئی باشعور ملک یا طبقہ جنگ سے گفتگو کا آغاز نہیں کرتا، ہم پرامن ملک ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے اقدامات سے خطے کا امن برباد کر رہا ہے اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، افواج پاکستان بھارت کو ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کو تیارہے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے بھی بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن جادھو کو قونصلر رسائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کو ویانا کنونشن، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور پاکستانی قوانین کے مطابق 2 ستمبر کو قونصلر رسائی دی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے پاکستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردی تھی۔