لاہور،پاکستان میں موجود اقلیتی برادری برابر کے شہری ہیں،وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، کوشش کریں گے سکھوں کو ایئر پورٹ پر ویزے کی سہولت ملے، پاکستان آنے والے سکھوں کو ملٹی پل ویزے دیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا بھارت میں بی جے پی حکومت صرف ہندو راج چاہ رہی ہے، وہاں کوئی گائے بھی لے کر جاتا ہے تو اسے قتل کر دیا جاتا ہے، کشمیر میں کرفیو لگا کر بھارت نے 80 لاکھ لوگوں کو 29 روز سے بند کر رکھا ہے، مسلمان اگر کسی بھی مذہب سے نا انصافی کرے تو یہ دین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہندو مت سمیت کوئی بھی مذہب انسانوں سے ایسے رویے کی اجازت نہیں دیتا، بھارت میں جو ماحول بن رہا ہے مجھے اس پر خوف آتا ہے، 20 کروڑ مسلمان ڈر ڈر کر زندگی گزار رہے ہیں، بھارت کو آر ایس ایس لے کر چل رہی ہے، اقلیتیں خطرے میں ہیں، آج مسلمان نشانہ ہیں کل دوسروں کی باری ہے، خود بھارت کو بھی آر ایس ایس نظریے سے خطرہ ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ملک ہیں ٹینشن بڑھی تو دنیا کو خطرہ ہو جائے گا، پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی۔a