کراچی،مندر کی کھدائی کے دوران مورتیاں
شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں مندر کی کھدائی کے دوران مورتیاں نکل آئیں، مندر کے پنڈت نے دعویٰ کیا ہے کہ ہنومان اور گنیش کی مورتی پندرہ سو سال پرانی ہے۔
محکمہ آثارقدیمہ کی ٹیم نے شری پنچ مکھی ہنومان مندر کا دورہ کیا اورمورتیوں کا جائزہ لیا،ڈائریکٹر محکمہ آثارقدیمہ محمد شاہ بخاری کاکہنا تھاکہ مورتیوں کے ابتدائی تجزیے کے دوران یہ بات واضح ہوئی ہے کہ مورتیاں 300سال پرانی ہیں کیونکہ تاریخی طورسے یہ بات ثابت ہے کہ شری پنچ مکھی ہنومان مندر بھی 3صدی پرانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مندر کی زمین سے مزید نوادرات نکل سکتے ہیں، زیرزمین نوادرات کی حفاظت کے پیش نظر مندر انتظامیہ کو مزید کھدائی سے روک دیا گیا ہے بے احتیاطی سے مندر سے مزید برآمد ہونے والی مورتیوں اور نوادرات کی ٹوٹ پھوٹ کا خدشہ ہے،محمد شاہ بخاری کے مطابق مورتیوں کی صفائی اور بحالی کا کام محکمہ آثار قدیمہ خود کے گا۔
مندر کے پنڈت شری رام ناتھ کا کہنا تھا کہ ہمارا قدیم مندر ہے پہلے مندر کے اطراف میں پانی اور چشمے وغیرہ تھے اب یہاں آبادی ہوگئی ہے،مندر کے پنڈت کا کہنا تھا کہ ہم مندر کو اچھے سے اچھا بنانا چاہتے ہیں۔
مندر کے پنڈت کا کہنا تھا کہ مندر کی جگہ پر کام کے دوران مورتیاں اور سکے نکلے ہیں جبکہ یہاں سے نکلنے والی مورتیاں ہمارے لئے قابل احترام ہیں،ہم چیف جسٹس کے شکر گزار ہیں جنکی بدولت مندر آزاد ہوا۔