Sep 06, 2019 06:48 pm
views : 285
Location : Different Places
Lahore- Salahuddin Case,CM Punjab remove DPO RYK
لاہور،زیر حراست ملزم کی ہلاکت وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈی پی او رحیم یار خان کو عہدے سے ہٹا دیا
رحیم یارخان میں زیر حراست ملزم صلاح الدین کی ہلاکت کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) رحیم یار خان کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنادیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم بھی دے دیا،جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کو درخواست بھیج دی گئی۔
لاہورہائیکورٹ کے ایک فاضل جج اس معاملے کی انکوائری کریں گے۔
پنجاب حکومت کے مطابق واقعے پر ایس ایچ او سمیت 3 اہلکاروں کے خلاف قتل کامقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ ڈی ایس پی سمیت دیگر ملوث اہلکاروں کو معطل بھی کیا جاچکا ہے جس کے بعد صلاح الدین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظارہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات ایس پی انویسٹی گیشن حبیب اللہ خان کی سربراہی میں کی جارہی ہیں جب کہ ایس ایچ او سمیت مطلوب اہلکار ضمانت کرانے کے بعد شامل تفتیش ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل رحیم یار خان میں اے ٹی ایم میں واردات کی کوشش کی گئی لیکن عملے نے سی سی ٹی وی میں ملزم کو پہچان کر پولیس کو اطلاع کر دی جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔
چوری کے دوران ملزم نے کیمرے میں دیکھ کر منہ چڑایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
بعد ازاں یہ خبر آئی کہ ملزم صلاح الدین کا پولیس حراست میں انتقال ہوگیا ہے۔ پولیس نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ ملزم صلاح الدین کی اچانک طبیعت خراب ہوئی اور وہ حوالات میں عجیب حرکتیں کرنے لگا جس پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔