راولپنڈی،کشمیر کیلئے آخری حد تک جائیں گے،آرمی چیف
یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی جہاں بگل بجا کر شہداء کو سلام پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب میں شہداء کے لواحقین خصوصی طور پر مدعو کئے گئے تھے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں غیر ملکی سفراء، حکومتی ارکان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک تھے۔
اس موقع پر شہداء کے حوالے سے ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی جس میں شہدا کے اہلخانہ مختصر انٹرویو شامل کیے گئے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا جی ایچ کیو میں ہونے والی یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، شہید ہماری پہچان ہیں، اپنے شہیدوں کے خاندانوں کا حوصلہ دیکھ کر میرا اعتماد بڑھا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے بعد اب غربت، جہالت اور پسماندگی کے خلاف جنگ جاری ہے، ایک پُرامن، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان ہماری منزل ہے اور ہم پوری حکمت عملی اور استقامت سے اس منزل کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے بقاء پاکستان کا سفر شہداء کی عظیم قربانیوں سے سجا ہوا ہے، پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کشمیرمیں جاری بربریت سے متعلق کہا کہ کشمیرمیں ریاستی دہشتگردی عروج پرہے، کشمیر تکمیل پاکستان کا نا مکمل ایجنڈا ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، پاکستان کشمیرکوکبھی بھی حالات کے رحم و کرم پرتنہا نہیں چھوڑے گا جب کہ کشمیریوں پر ظلم ہمارے صبر کا امتحان ہے۔ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی تنظیموں کیلیے لمحہء فکریہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ افغانستان میں پائیدار امن کی کوشش کی ہے اور افغانستان میں امن پاکستان میں امن کی ضمانت ہے۔