راولپنڈی،شہداء ہمارا مان اور ان کے خاندان ہماری ذمہ داری ہیں، آرمی چیف
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یوم دفاع وشہدا کی غیرمعمولی کوریج پر میڈیا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا آرمی چیف نے شہدا کے اہل خانہ سے ملنے پہنچنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم دفاع وشہدا کی غیر معمولی کوریج پر میڈیا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا میڈیا نے خصوصی طور پر یوم شہدا کی تقریب دوبارہ نشر کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کے اہل خانہ سے ملنے پہنچنے پر قوم کا شکریہ ادا کرتے شہدا ہمارا فخر ہیں، شہدا کے اہل خانہ ہماری ذمہ داری ہیں۔
یاد رہے یوم دفاع کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی تھی، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوم دفاع و شہداء کی تقریب سے خطاب میرے لیے باعث فخرہے، پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا خون شامل ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں نہ ہی جائیں گی۔