راولپنڈی،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاآرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں بچانے میں آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا اہم کردار ہے۔ معیاری صحت کے لیے اے ایم سی ڈاکٹرز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل خاور رحمٰن کو کرنل کمانڈنٹ اے ایم سی کے بیج لگائے۔
اس موقع پر سبکدوش کرنل کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل زاہد حامد ریٹائرڈ، حاضر سروس افسران اور جوانوں نے تقریب میں شرکت کی۔
آرمی چیف نے آرمی میڈیکل کور کے افسران و جوانوں سے بات چیت بھی کی، انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے کی سویلینز اور فوجی جوانوں کے لیے طبی خدمات کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگارشہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں بچانے میں اے ایم سی کا اہم کردار ہے۔ معیاری صحت کے لیے اے ایم سی ڈاکٹرز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرمی میڈیکل کور پاک فوج و دیگر اہم شہریوں کو بہترین سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔