لاڑکانہ،ایک سال سے ہماری حکومت گرانے میں لگے ہیں لیکن اب تک ناکام ہیں،بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کے کچرے کے نام پر کراچی پر قبضے کی کوشش ہو رہی ہے، سندھ میں دباؤ ڈال کر کٹھ پتلی حکومت لائی جا رہی ہے لیکن ہم یہ نہیں ہونے دیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں ہونے والے ورکرز کنونشن سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی قیادت پر جعلی کیسز ڈال کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، زرداری نے پہلے بھی جیل میں وقت گزارا، اب بھی گزار لیں گے، فریال تالپور کا پروڈکشن آرڈر روک کر ہمیں نہیں دبایا جا سکتا۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ جس کو گرفتار کرنا ہے کر لو، ہم اصولی مؤقف پر سمجھوتا نہیں کریں گے، یہ ایک سال سے ہماری حکومت گرانے میں لگے ہیں لیکن اب تک ناکام ہیں، سیاسی مخالفین پر مقدمات بنانا غیر جمہوری قوتوں کی پرانی عادت ہے۔
انھوں نے کہا کہ وفاق کی ناکامی کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہو رہے ہیں، سندھ کی گیس، کے پی کے ہائیڈل پاور پر نا انصافی کی جا رہی ہے، کبھی سندھ اور کراچی کو الگ کرنے کی بات کی جا رہی ہے، سندھ کے 3 اسپتال چھینے، پریشان ہو کر واپس کر دیے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری قوتوں کو 18 ویں ترمیم برداشت نہیں ہو رہی، ماضی کی طرح آج بھی وفاق خطرے میں ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے سرزمین بے آئین کو آئین دیا، بے بس عوام کو ووٹ کی طاقت دی، بے نظیر دہشت گرد حملے کے باوجود پیچھے نہیں ہٹیں، آصف زرداری نے 18 ویں ترمیم کر کے 73 کا آئین بحال کیا اور صوبوں کو خود مختاری دلوائی۔