اسلام آباد،الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کی درخواست خارج،مریم نواز پارٹی نائب صدر کیلئے اہل
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی بطورپارٹی نائب صدر کی اہلیت سے متعلق فیصلہ سنادیا۔
الیکشن کمیشن نے فیصلے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی مریم نوازکے پارٹی عہدے کیخلاف درخواست مسترد کردی اور کہا مریم نوازمسلم لیگ ن کی نائب صدربرقراررہیں گی لیکن پارٹی صدر موجود نہیں ہو گا تو مریم نواز اختیارات استعمال نہیں کر سکیں گی۔
گذشتہ روز چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3رکنی کمیشن نے سماعت کی تھی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
دوران سماعت وکیل ملیکہ بخاری نے عدالت کوبتایا کہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 203 کو آئین کے آرٹیکل 62, 63 کے ساتھ پڑھا جائے تو مریم نواز پارٹی عہدے کے لئے نا اہل ہیں۔
مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون نےدلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ درخواست گزار مریم نواز کی تقرری سے متاثرہ فریق نہیں ہے، مسلم لیگ ن کے الیکشن چیلنج ہونے پر سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے۔
مریم نواز کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا ہے کہ مریم نوازپارٹی آئین کے تحت نائب صدررہیں گی، پارٹی نے اپنے دستورکے مطابق مریم نوازکومنتخب کیاتھا،
الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی عہدے سے متعلق فیصلہ سنائے جانے کے بعد مریم نواز کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے 2 ارکان اسمبلی نے عہدہ چیلنج کیاتھا،مریم نوازپارٹی آئین کے مطابق عہدہ رکھ سکتی ہیں،پارٹی نے اپنے دستورکے مطابق مریم نوازکوعہدہ دیاتھا، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ارکان کی پٹیشن خارج کردی،بیرسٹرظفراللہ نے کہا کہ فیصلہ ہمارے خلاف آتا تو دوررس نتائج ہوتے،ان کا کہناتھا کہ سزایافتہ شخص پرپارٹی عہدہ کی پابندی آمرانہ دورمیں لگائی گئی،ذوالفقار بھٹو کے دور میں اس پابندی کو ختم کردیاگیاتھا۔