کراچی،تعلیمی ویزوں کا اجراء نہ ہونے کی وجہ سے سینکڑوں طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہورہاہے،مفتی نعیم
مفتی محمد نعیم نےکہاکہ اتحاد تنظیمات مدارس کے وزارت تعلیم کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر حکومت پاسداری کرتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے، نہ غیر ملکی طلبہ کو ویزے دیئے جارہے ہیں اور نہ ہی مدارس کو بینک میں اکاونٹ کھولنے دیا جارہاہے ۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کے رکن مفتی محمدنعیم کی سربراہی میں علماء کرام نے کشمیر وفلسطین اور ملکی صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس کی،مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ تعلیمی ویزوں کا اجراء نہ ہونے کی وجہ سے سینکڑوں طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہورہاہے ،اگر حکومت کا یہی رویہ رہا تو وفاق المدارس کی مجلس عاملہ اجلاس میں مشاورت سے معاہدے کی منسوخی کا اعلان کرنے کے ساتھ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر وفلسطین کے مسائل کو اٹھاناعالم اسلام کی ذمہ داری ہے ،سعودی عرب میں آئل ریفائنری پرحملہ کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں یہ امت مسلمہ کے وسائل پر حملہ کے ساتھ امت مسلمہ کے وسائل تباہ کر نے کی سازش ہے۔
مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب فلسطین کے معاملےپر بولتا ہے لیکن کشمیر کے معاملے پر کیوں نہیں بولتا۔
انکا کہنا تھا کہ کشمیری 70سالوں سے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں پاکستان کشمیر کا وکیل ہے، یہ وہ جملے ہیں جو چہار طرف زبان زد عام ہیں لیکن ہمیں اس بات کااحساس کب ہوگا ۔ کیا ہم اس سے زیادہ حالات کی خرابی کے انتظارمیں ہیں، او آئی سی سمیت دیگر اسلامی اور عالمی ادارے کشمیریوں کے اس ظلم پر تماش بینی کب تک کرتے رہیں گی۔
انکا کہنا تھا کہ جس وقت کشمیری مسلمانو ں پر ظلم ہورہا تھا اس وقت عرب ممالک نے اسے تمغے دیے جو افسوسناک ہے۔