چار مینار چورنگی کو دنیا کی چھٹی بہترین چورنگی شمار کیا جانا کچرے پر سیاست چمکانے والوں کیلئے باعث درس
شہر قائد کی چار مینار چورنگی کو دنیا کی چھٹی بہترین چورنگی شمار کیا جانا کراچی شہر میں کچرے اور گندگی پر سیاست کرنے والی سیاسی جماعتوں کیلئے باعث سبق ہے۔ اس ناقابل تردید سچائی میں کسی دلیل کی ضرورت نہیں کہ اگر ہمارے پارکس بحال ہوجائیں تو ہسپتال ویران ہوجائیں گے لیکن کراچی شہر کچرے اور گندگی سے جنگ لڑرہا ہے۔ متعلقہ اداروں کی مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کے نتیجے میں بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ ہسپتالوں میں ادویات کے فقدان سے بچے تڑپ تڑپ کر جان دے رہے ہیں لیکن ارباب اختیار چین کی بانسری بجا رہے ہیں تاہم ان تمام تر حالات کے باوجود ایک سوسائٹی کی ذاتی کاوشوں کی بدولت شہر کراچی کے علاقے بہادر آباد کی چار مینار چورنگی کو برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے دنیا کی 12 بہترین چورنگیوں میں سے چھٹی خوبصورت ترین چورنگی قرار دیا جو کہ اہلیان کراچی کیلئے باعث فخر ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے اپنی کوششوں کو تیز تر کرے تو ہم نہ جانے کتنی ہی خوبصورت چورنگیاں اور بہترین پارکس تعمیر کرکے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔
چار مینار چورنگی کو دنیا کی چھٹی بہترین چورنگی کا اعزاز دلانے والی بہادر یار جنگ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے آفس سپرنٹنڈنٹ سلیمان خاصخیلی کا کہناتھا کہ بہادر آباد کا نام مشہور مسلمان رہنماء بہادر یار جنگ کے نام پر رکھا گیا ہے۔ بہادر آباد چورنگی کی خوبصورتی کا راز دراصل ”چار مینار“ میں پوشیدہ ہے جس کی تعمیر اور دیکھ بھال کا سہرا بہادر یار جنگ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے ذمہ ہے۔
اس حوالے سے ایک شہری محمد اعجاز نے بتایا کہ کراچی شہر کی اس چار مینار چورنگی کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں ڈیڑھ سو سے زائد ممالک ہیں اور ان ممالک کے دو ہزار سے زائد شہر ہیں اور شہروں میں نہ جانے کتنی ہی خوبصورت ترین چورنگیاں ہوں گی لیکن اس کے باوجود چار مینار چورنگی کو دنیا کی بہترین چھٹی چورنگی کا اعزازملنا کراچی کے شہریوں کیلئے بہت بڑی بات ہے۔ چنانچہ اگر ہمارے حکمراں خواب غفلت سے بیدار ہو کر ہوش کے ناخن لیں اور اپنی ذمہ داری پوری کریں تو نہ جانے ہم ہزاروں بہترین پارکس اور سینکڑوں خوبصورت ترین چورنگی تعمیر کرسکتے ہیں۔