Sep 19, 2019 06:19 pm
views : 293
Location : Domestic place
Islamabad- Govt arrested Khursheed Shah to divert attention from failure over Kashmir: Bilawal Bhutto
اسلام آباد،اب اس حکومت کو ہم برداشت نہیں کرسکتے، بلاول
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہناہے کہ نااہل اور نالائق وزیراعظم نے ملک میں جمہوریت کا جنازہ نکال دیاہے، نیب کا کالا قانون آمر پرویز مشرف کا بنایا ہوا ہے، یہ حکومت بھی حکومت نیب کے زور اوردباؤ پرچل رہی ہے اور آج بھی نیب کو پولیٹیکل انجئیرنگ کیلئے ہی استعمال کیاجارہاہے، سیاسی انتقام نیب سےشروع ہوتاہےاورنیب پرختم ہوتاہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلزپارٹی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا،پیپلزپارٹی کورکمیٹی اجلاس میں خورشید شاہ کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری، حکومت کے خلاف احتجاج کی حکمت عملی زیرغور کیا گیا، مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت کرنے یا نہ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پیپلزپارٹی کے دسمبر کے بعد احتجاجی جلسوں کے پروگرامز پر بھی بات چیت کی گئی۔
پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہر اہم موقع پر ہی کوئی نہ کوئی گرفتاری عمل میں آتی ہے، میں عید کی نماز پڑھنے مظفر آباد جا رہا تھا تو رات کے اندھیرے میں فریال تالپور کو اسپتال سے جیل منتقل کر دیا گیا، ایک اور اہم موقع پر مریم نواز کو گرفتار کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ نالائق ناجائز احمق وزیر اعظم کی وجہ سے کشمیر کاز کو نقصان ہو رہا ہے، آج کشمیر کے معاملے پر یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت تھی، آج سینیٹ کے اٹھائے گئے اہم سیمینار کے دوران خورشید شاہ کو گرفتار کر لیا گیا تا کہ کشمیر کی ناکامی پر بات کرنے کے بجائے توجہ بدل جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے حکومت اور ان کے سہولت کاروں کو ڈیڈ لائن دی ہے، اکتوبر میں مولانا فضل الرحمان کا دھرنا ہے اور ہم نے اس کی اخلاقی حمایت کا اعلان کیا ہے، جمہوری اداروں اور نظام کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے، ہم ماضی میں کسی دھرنے کا حصہ بنے نہ آئندہ کسی دھرنے کا حصہ بنیں گے ، کسی بھی صورت کسی پی این اے جیسے الائنس کا حصہ نہیں بن سکتا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ اب اس حکومت کو ہم برداشت نہیں کرسکتے، مہنگائی اور معاشی صورتحال کی خرابی کو بنیاد بنا کر احتجاج کریں گے، ہم نے اپنے احتجاج کا لائحہ عمل بنایا ہے، پیپلز پارٹی عوامی مسائل پر احتجاج کررہی ہے، احتجاجی پروگرام سندھ سےشروع ہوکر پنجاب میں داخل ہوگا۔