Sep 20, 2019 06:32 pm
views : 277
Location : Different Places
Makkah- PM Imran performs Umra
مکہ،وزیراعظم عمران خان نے امریکا روانگی سے قبل عمرہ کی سعادت حاصل کرلی
وزیراعظم عمران خان نے امریکا روانگی سے قبل عمرہ کی سعادت حاصل کرلی ، اس موقع پر عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، وزیراعظم نے وفد کے ہمراہ بیت اللہ میں نوافل ادا کئے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بے نقاب کرنے کے مشن پر امریکا روانگی سے قبل وزیراعظم نے اللہ کے حضور حاضری دی۔
وزیراعظم عمران خان کی وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ پہنچے ، جہاں انھوں نے عمرے کی سعادت حاصل کی ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی زلفی بخاری اوردیگر ارکان نے بھی عمرہ ادا کیا اور کشمیر اور عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
وزیراعظم اور وفد کے لئے بیت اللہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، خانہ کعبہ میں انھوں نے نوافل کی ادائیگی کی اور کشمیر اور عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
وزیراعظم نمازجمعہ وفد کے ساتھ حرم شریف میں ادا کی اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ روانہ ہوئے۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سےاہم ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی علاقائی اورعالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سعودی تیل کی رسدگاہوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے سلامتی کوخطرے پر سعودی عرب کیساتھ کھڑے ہونے کا عزم دھرایا جبکہ وزیراعظم نے شاہ سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان کی سعودی عرب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نےسعودی ولی عہد کومقبوضہ کشمیرکی صورتحال سےبھی آگاہ کیا۔