شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش،موسم خوشگوار ،ہیٹ ویو سے نجات
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور شہر میں دو روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، گلشن معمار، گلستان جوہر، گلشن اقبال، صفورا چورنگی میں تیز بارش ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم خوشگوار ہے، درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مختلف سمت سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں، بیکا طوفان بحریہ عرب میں موجود ہے جو عمان کی جانب بڑھ رہا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ 24 اور 25 ستمبر تک سمندری طوفان اومان کے ساحل پر اثرانداز ہوسکتا ہے جبکہ 25 ستمبر سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 25 اور 26 ستمبر کو کراچی میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے لیکن اب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے شمال اور شمال مغربی علاقوں میں ہلکی بارش اور آندھی کا امکان ہے،واضح رہے کہ شہر میں دو دن سے ہیٹ ویو جاری تھا جس کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک خاتون صنوبر کا کہنا تھا کہ گھر سے باہر نکلی تو موسم میں خوشگوار تبدیلی محسوس کی ۔
ایک شہری کا کہنا تھاکہ موسم کی تبدیلی سے ذہنی اور جسمانی طور پر سکون ملا ہے۔