لاہور،حکومت کسی معاملے میں سنجیدہ نہیں ہے،طلال چوہدری
مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ زلزلہ زدگان کی بات ہو، مسئلہ کشمیر ہو یا ڈینگی کا معاملہ حکومت کسی جگہ سیریس نہیں ہے، ان کے لیے ہر چیز شغل اور مذاق ہے۔
لاہور میں نیب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نون لیگ کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کل سرکاری ترجمان نے میک اپ کے ساتھ زلزلہ زدگان کی تذلیل کی ہے۔
طلال چوہدری نے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ڈینگی ہو یا کشمیر یہ کسی جگہ سیریس نہیں ہیں، اس وقت ڈینگی سے لے کر کشمیر تک کوئی چیز ان کے کنٹرول میں نہیں، ان کے لیے ہر چیز شغل اور مذاق ہے۔
رہنما نون لیگ نے کہا کہ یہ نااہل نالائق اور سلیکٹیڈ ہیں، انہوں نے پنجاب کو تباہ و برباد کر دیا ہے لوگ شہباز شریف کو مس کر رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ آج پاکستان میں مہنگائی عروج پر ہے، جبکہ اسٹاک ایکسچینج زمین بوس ہوگئی ہے ، یہ لوگ کٹھ پتلیاں ہیں ان سے کشمیر، مہنگائی، بے روزگاری جیسے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی قیادت ہی مسائل کو حل کرے گی، لوگ آج نواز شریف کو یاد کر رہے ہیں، عمران خان کو لانے میں حصہ ڈالنے والے قوم سے معافی مانگیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو عوامی مزاج دیکھ کر فیصلے کرنے پڑیں گے، اگر سیاسی پارٹیاں فیصلے نہیں کریں گی تو لوگ خود دھرنے میں پہنچ جائیں گے۔