سکھر،جیالوں کو روکا ہوا ہے لیکن جنوری کے بعد ان کو نہیں روکیں گے،بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنوری تک اس کٹھ پتلی حکومت کو ختم نہ کیا گیا تو ملک بھر سے جیالے راولپنڈی پہنچیں گے، کوئی ڈیل نہیں ہورہی، ڈیل کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں۔
سکھر میں میڈیا اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جیالوں کو روکا ہوا ہے لیکن جنوری کے بعد ان کو نہیں روکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنوری میں اسی پنڈی میں پہنچ کر دکھائیں گے جہاں پر پیپلز پارٹی کا ٹرائل ہوتا ہے، وہی پنڈی جہاں ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو شہید کیا گیا۔
چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ فریال اور آصف زرداری پر جھوٹے مقدمات بنا کر انہیں گرفتار کیا گیا، اب خورشید شاہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے احتجاج میں شرکت پر بات کر رہے ہیں، حکومت کے خلاف احتجاج کے لیے پیپلز پارٹی کا لائحہ عمل الگ ہو گا۔