کراچی،گارڈن کے آزاد کونسلرز کی مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کی دھمکی
شہر کراچی کے اہم علاقے گارڈن ایسٹ کےآزاد کونسلرز نے مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کی دھمکی دے دی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کونسلرسمیر قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری پریس کانفرنس کوئی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہے ہم سب آزاد کونسلر ہیں،سب سے ذیادہ ٹیکس دینے والے علاقوں کو مکمل نظر انداز کیا جارہا ہےجبکہ ان یوسیز کو کوئی فنڈ فراہم نہیں کیا گیا اور مخیر حضرات کے تعاون سے علاقوں میں کام کروایا ہے جو کہ سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کا کام تھا ۔
انکا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کے ایم ڈی کی روز خبریں لگتی ہیں تاہم حقیقیت میں کوئی کام نہیں ہورہا،بہت سے علاقے پینے کے پانی سے محروم ہیں،واٹر بورڈ کا عملہ رشوت لے کر کنکشن دیتا ہے۔
سمیر قریشی کاکہنا تھا کہ کئی بار وزیر اعلیٰ سندھ اورایم ڈی واٹر بورڈ کو کوئی بار درخواستیں دی ہیں تاہم مسائل جوں کے توں ہی ہیں،چونکہ اب ہماری مدت مکمل ہونے والی ہے تو ہماری درخواست ہے کہ ہمیں نظر انداز نہ کیا جائے،ہمارا مقصد خدمت تھا جس میں ہم ناکام ہوچکے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اگر ہمارے مسائل حل نہ ہوئے تو پر امن احتجاج کریں گے اسکے بعد عدالتوں میں پٹیشن دائر کریں گے ،انہوں نے آرمی چیف اور وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰسندھ اور تمام ڈی ایم سیز کے فنڈ کو چیک کریں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔