زلزلے سے متاثرہ آبادی کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا،آرمی چیف
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سول انتظامیہ کو بھرپور مدد فراہم کرکے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جلد ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، آرمی چیف نے میرپور میں جاتلاں کینال روڈ کا فضائی جائزہ لیا، جب کہ متاثرہ روڈ کی بحالی کے لیے جاری انتظامات بھی دیکھے۔
اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ زلزلے سے متاثرہ آبادی کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا، متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے اور سول انتظامیہ کو بھرپور مدد فراہم کرکے متاثرہ علاقوں میں جلداز جلد بحالی کا کام مکمل کرکے حالات اور زندگی کو معمول پر لائیں گے۔
واقعے کے اطلاع ملتے ہی آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج کی امدادی ٹیمیں ریسکیو کے لیے روانہ ہوگئی تھیں۔
زلزلے کے نتیجے میں 30 سے زائد افرادجاں بحق،چار سو سے زائدزخمی ہوئے، مجموعی طورپر450گھرمتاثرہوئے، 135 کوزیادہ نقصان پہنچا۔
زلزلے میں جاتلاں کا روڈ مکمل طورپرتباہ ہوگیا، علاقوں کا مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا، منگلا جانے والی مرکزی شاہراہ اورمتعدد پل زمین بوس ہوگئے۔