میر پور آزاد کشمیر میں پھر زلزلہ، مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی
دو روز قبل کے زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جہلم، ظفر وال اور گرد و نواح میں آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔ میر پور آزاد کشمیر کے مضافاتی علاقوں میں مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق میر پور آزاد کشمیر، جہلم، ظفر وال اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دکانوں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 اور گہرائی 12 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز جہلم سے 6 کلو میٹر دور شمال میں تھا۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ یہ گزشتہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس تھے اور ان کا سلسلہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
حالیہ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد میر پور آزاد کشمیر کے مضافاتی علاقوں میں مکانات گرنے کے واقعات سامنے آئے، مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں زیادہ تر تعداد خواتین کی ہے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔