نیویارک، عمران خان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے ہوش اڑا دئیے،وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بھارت کو آئینہ دکھایا اور حقائق سامنے رکھے ہیں، عمران خان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے ہوش اڑا دئیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر بھارت وزیراعظم کے خطاب پر جواب دے گا تو ہم بھی جواب الجواب دیں گے، وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں حقائق سامنے رکھے ہیں۔
ہزاروں لوگوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے باہر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف مظاہرہ کیا،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی اقوام متحدہ کے باہر احتجاجی مظاہرے میں پہنچے اور مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے کھل کر بات کی ہے جبکہ او آئی سی کے آئندہ کے لائحہ عمل پر سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے مذاکرات ہوئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پہنچ کر مظفرآباد اور آزاد کشمیر جائیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے ہوش اڑا دئیے، انہوں نے مظاہرین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا7روزہ دورہ امریکا (مشن کشمیر) کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے۔