Oct 03, 2019 03:14 pm
views : 234
Location : Foreign Office
Islamabad- Pakistan, Taliban agree to resume talks amid renewed peace push
اسلام آباد،پاکستان افغان امن عمل کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا،وزیر خارجہ
پاکستان اورافغان طالبان کے وفود کے درمیان مذاکرات میں فریقین نے افغان امن مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پراتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان افغان امن عمل کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لئے پاکستان نے کوششیں تیز کردیں ، طالبان کے سیاسی دفتر کا اعلیٰ سطحی وفد ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں وزارت خارجہ پہنچا جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کو وزارت خارجہ میں خوش آمدید کہا۔
طالبان وفد کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔
پاکستان اور افغان طالبان کےدرمیان دفترخارجہ میں مذاکرات ہوئے ، مذاکرات کے دوران فریقین نے مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پراتفاق کیا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ برادرانہ تعلقات، مذہبی ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں ، گذشتہ چالیس برس سے افغانستان میں عدم استحکام کا خمیازہ دونوں ممالک یکساں طور پر بھگت رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، صدق دل سے سمجھتا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ، افغانستان میں قیام امن کے مذاکرات ہی مثبت اور واحد راستہ ہیں ،خوشی ہے کہ آج دنیا، افغانستان کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید کر رہی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا پاکستان خوش دلی کے ساتھ گذشتہ چار دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین بھائیوں کی میزبانی کرتا چلا آ رہا ہے ، پاکستان نے افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت نہایت ایمانداری سے مصالحانہ کردار ادا کیا ہے ، پرامن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ فریقین مذاکرات کی جلد بحالی کی طرف راغب ہوں تاکہ دیرپا، اور پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ پاکستان افغان امن عمل کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا مصالحانہ کردار صدق دل سے ادا کرتا رہے گا۔
افغان طالبان کے اعلیٰ سطحی وفد نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔