Oct 04, 2019 11:30 am
views : 284
Location : Domestic Place
Islamabad- if uncertain, we will take back our support to fazal ur rehman, Bilawal
اسلام آباد، شک ہوا مولانا کسی قوت کے اشارے پر ہیں تو حمایت واپس لے لینگے، بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے آزادی مارچ کے حوالے سے اگر شک ہوا کہ مولانا کسی قوت کے اشارے پر ہیں تو اپنی حمایت واپس لے لیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پر امید ہوں مولانا کا مارچ کامیاب ہو گا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی خواہش تھی کہ مل کر مشترکہ جلسہ یا جلوس ہو لیکن مولانا صاحب نے مارچ کا اعلان کیا ہے، ہم نے پارٹی اجلاس طلب کیا ہے دیکھیں گے کہ کس حد تک مولانا کا ساتھ دینا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی دھرنے کے علاوہ ہر سطح پر مولانا کے ساتھ ہو گی، مولانا کے مارچ کی حمایت کی نوعیت پر فیصلہ پارٹی کرے گی لیکن اگرشک ہوا کہ مولانا کسی قوت کے اشارے پر ہیں تو اپنی حمایت واپس لے لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کارکن کہتے ہیں حکومت سے ہماری جان کب چھڑوائیں گے، ہر جمہوری احتجاج کا ساتھ دیں گے لیکن کسی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کریں گے جس سے ملک کا نقصان ہو۔
آصف زرداری کے کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پچھلے سال سے جو تماشہ چل رہا ہے، آپ سب کے سامنے ہے، اربوں روپے کی کہانیاں سنانے کے بعد ایک ریفرنس دائر ہوا، کوئی ثبوت ہے اور نا ہی کوئی کیس، صرف ڈیڑھ کروڑ روپے کا الزام ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایک سال میں خان صاحب نے نوجوانوں کو بے روزگار کیا، ایک بھی نوکری نہیں دی، یہ منافقوں کی اور جھوٹی حکومت ہے، اس حکومت نے پارلیمان کو غیر مؤثر بنا دیا ہے، پیپلز پارٹی عوام کی معاشی مشکلات کی بات کرے گی، کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکے گی۔