اسلام آباد،مولانا فضل الرحمان کی تحریک غیر قانونی، غیراخلاقی اور غیرسیاسی ہے، فوادچوہدری
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ہم جواصلاحات لاناچاہ رہے ہیں اس سے ان سیاسی رہنماؤں کی سیاست کو خطرہ ہے، ان کی تحریک غیرقانونی، غیر اخلاقی اور غیر سیاسی ہے، اسلام آباد پر حملے کی اجازت کس طرح دی جاسکتی ہے۔جلسہ اور جلوس کرنے کی ہر پارٹی کواجازت ہے لیکن لاؤلشکر بنانے کی اجازت نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا مدارس کا جو نظام چل رہا ہے، اس سے بچے مرکزی دھارے میں نہیں آسکتے، ہم جواصلاحات لاناچاہ رہے ہیں اس سے سیاسی رہنماؤں کی سیاست کو خطرہ ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ لوگ مدارس کے بچوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں، ان کے احتجاج میں افراد دیکھیں تو ایک طرح کے لباس پہنے لوگ ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کہا جارہا ہے کہ ان لوگوں نے 20کروڑ روپے جمع کیے ہیں، ان کے ساتھ عوام شامل ہی نہیں، اسے سیاسی کہنا غلط ہے، ان کے لیے پاکستان کے آئین اور قانون کی کوئی حیثیت نہیں۔