راولپنڈی،یہ سال ختم ہونے سے پہلے سلیکٹڈ حکومت کو گھر جانا ہوگا،بلاول
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ سال ختم ہونے سے پہلے سلیکٹڈ حکومت کو گھر جانا ہوگا، اس وقت پیپلزپارٹی مولانا فضل الرحمان کی صرف اخلاقی اور سیاسی حمایت کر رہی ہے، آپشنز محدود ہوئے تو پیپلزپارٹی بھی انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائے گی کہ وہ بھی مارچ کرے اوراسلام آباد میں دھرنا دے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اڈیالہ جیل میں اپنے والد آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھاوہ احتجاج کرنے والوں کو کنٹینر بھی دیں گے اور کھانا بھی۔ اب مولانا فضل الرحمان آرہے ہیں ، عمران خان انہیں کنٹینر اور کھانا دینے کا وعدہ پورا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو را کا ایجنٹ کہنے والے خود بھارت سے فنڈ لیتے رہے، پی ٹی آئی کی حکومت کو اس سال کے آخر تک جانا ہو گا، ہم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے باوجود سابق صدر کو جیل میں صحت کے حوالے سے سہولیات فراہم نہیں کی جار ہیں، ان کو طبی سہولت نہ دینا تشدد کے مترادف ہے، انہیں انسولین کے لئے فرج تک مہیا نہیں کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ نان اسٹیک ایکٹرز کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا پہلے دن سے اصولی موقف رہا ہے ہم آج بھی کہتے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل ہونا چاہئے۔