بیجنگ، پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چین کا کردار اہم ہے، وزیر اعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان اور صدرشی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین مذاکرات کے دوسرے دور میں دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی معاہدوں کا جائزہ لیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پربھی بات کی جبکہ عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی ۔
بیجنگ پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کا دوسرا دور ہوا ، جس میں وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ نے وفود کی قیادت کی۔وفد میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، وفاقی وزرا شاہ محمودقریشی، شیخ رشید، خسرو بختیار اور دیگر موجود تھے۔
مذاکرات میں خطے کی تازہ صورتحال ،علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیااور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پربھی بات ہوئی جبکہ دونوں ممالک نے معاشی اور تجارتی معاہدوں کابھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں خطےکی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا سی پیک منصوبوں کی بر وقت تکمیل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، سی پیک پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خطے میں خوش حالی کا سبب ہے جبکہ چینی وزیر اعظم لی کے چیانگ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ چینی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا، اور معیشت مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ ملاقات میں معاشی اور اقتصادی شعبوں میں مضبوطی کے لیے مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔