Oct 09, 2019 05:53 pm
views : 331
Location : Domestic place
Karachi- NAB Raid on PPP Leader Aijaz Jakhrani house
کراچی،نیب کا وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کے گھر پر چھاپہ
نیب نے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کے گھر پر چھاپہ مار کر اہم دستاویزات قبضے میں کرلیں۔
سابق رکن اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز جاکھرانی کے گھر نیب نے چھاپہ مارا، نیب کی پانچ رکنی ٹیم کی گھر کی تلاشی کے دوران مختلف فائلیں قبضے میں لے لیں۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ اعجاز جاکھرانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں، جب کہ نیب تحقیقات کی وجہ سے اعجاز جاکھرانی نے گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی تھی۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اعجاز جاکھرانی کی غیر موجودگی میں نیب نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور جس کیس میں چھاپا مارا گیا اعجاز جاکھرانی نے اس میں عدالت سے ضمانت لے ر کھی ہے۔ اعجاز جاکھرانی کے خلاف نیب بغیر ثبوتوں کے کارروائی کررہا ہے، اعجازجاکھرانی کے گھر پر چھاپہ قانون اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر ملک میں تماشا ہو رہا ہے، سیاسی مخالفین کو احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، کئی ایسے لوگ ہیں جن کے نام ریفرنسز میں ہیں لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا جاتا، خیبرپختونخوا کے کئی وزراء پر کیسز ہیں لیکن ان کے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔