اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی تنظیمیں تحلیل، نوٹیفکیشن جاری،ملک بھر میں ریجنز کی تشکیل کا اعلان
اسلام آباد سمیت پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی تنظیمیں تحلیل کردی گئی۔ کور کمیٹی اور چیئرمین تحریک انصاف کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
صوبائی ڈھانچے کی تحلیل کے ساتھ ہی ملک بھر میں ریجنز کی تشکیل کا بھی اعلان کیا گیا۔
نوٹیفکیشن مرکزی سیکریٹری جنرل عامر محمود کیانی کی جانب سے جاری کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تین تنظیمی یونٹس پر مشتمل ہوگا۔ تحریک انصاف کا اوورسیز ڈھانچہ پانچ ریجنز پر مشتمل ہوگا۔ او آئی سی کیلئے امریکی، یورپی، ایشیائی، آسٹریلوی اور افریقی ریجنز قائم کئے گئے ہیں اور او آئی سی کے ہر ریجن کا الگ سیکریٹری مقرر کیا جائے گا۔
اعلامئے کے مطابق پنجاب شمالی، مرکزی، مغربی اور جنوبی ریجنز قائم کردیئے گئے۔ سندھ کیلئے سکھر، حیدر آباد، کراچی اور نواب شاہ ریجنز، خیبرپختونخواہ کیلئے مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور اور جنوبی خیبرپختونخواہ ریجنز جبکہ بلوچستان کیلئے شمالی، مرکزی، مغربی اور جنوبی رینجز کی تشکیل کا اعلان کیا گیا ہے۔