رحیم یار خان، تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 73 ہوگئی
http://www.tnnasia.tv
لیاقت پور کے قریب گیس سیلنڈر پھٹنے سے تیز گام ایکسپریس کی بوگیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 73 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی علی الصبح کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان میں لیاقت پور کے قریب حادثہ پیش آیا اور ٹرین میں گیس سیلنڈر پھٹنے سے اس کی تین بوگیوں میں آگ لگ گئی۔
ڈی پی او رحیم یار خان امیر تیمور خان اور ریسکیو ہیڈ بہاولپور باقر حسین نے حادثے میں 73 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو ٹی ایچ کیو لیاقت پور اور بہاول پور کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ آگ پر بھی قابو پالیا گیا ہے۔