کراچی،بحیرۂ عرب میں شدید سمندری طوفان کیار ختم ایک اور طوفان تشکیل
بحیرۂ
عرب میں شدید سمندری طوفان کیار کے خاتمے سے قبل ہی ایک اور طوفان تشکیل
پاگیا ہے جسے سائیکلون ماہا کا نام دے دیا گیا ہے، جبکہ قریب ہی ساؤتھ
چائنہ سی میں بھی ایک اور طوفان بن گیا ہے۔
پاکستانی
محکمۂ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی بحیرۂ عرب میں ہوا کا شدید کم دباؤ
ایک اور سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے جسے سمندری طوفان ماہا کا نام
دیا گیا ہے جس کے بعد اس وقت بحیرۂ عرب میں موجود طوفانوں کی تعداد 2 ہو
گئی ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ سندھ کے چیف میٹرولوجیکل آفیسر
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ اس وقت وقت نہ صرف بحیرۂ عرب میں 2 طوفان
موجود ہیں بلکہ ساؤتھ چائنہ سی میں بھی اور ایک طوفان تشکیل پا چکا ہے۔
ماہرین
کا کہنا ہے کہ سمندروں کا درجۂ حرارت بڑھنے کی وجہ سے طوفانوں کی تشکیل
بھی بڑھ گئی ہے جس کا ثبوت بحیرۂ عرب میں بیک وقت 2 طوفانوں کی تشکیل جبکہ
پڑوسی ساؤتھ چائنہ سی میں بھی ایک طوفان کی تشکیل ہے۔
پاکستانی محکمۂ
موسمیات کا کہنا ہے کہ نو تشکیل شدہ طوفان ماہا جسے یہ نام عمان کے
محکمۂ موسمیات کی تجویز پر دیا گیا ہے، بحیرۂ عرب میں پہلے سے موجود
طوفان کیار کے نقشِ قدم پر چلے گا اور اس کا رخ بھی عمان اور یمن کے
ساحلوں کی طرف ہی ہوگا۔
دوسری جانب پاک بحریہ کی امدادی ٹیموں نے کیٹی بندر اور شاہ بندر کے نواحی علاقوں میں ریسکیو آپریشن کیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران حالیہ سمندری طوفان سے متاثرہ علاقے میں لوگوں کو معاونت فراہم کی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ طوفان کیار کے باعث سطح سمندر بلند ہونے سے اس علاقے میں تین سو مکانات متاثر ہوئے۔
متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور بنیادی طبی امداد اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کی گئیں۔
پاک میرینز کے جوانوں نے سمندری کٹاوُ کو روکنے کے لئے بند کی دوبارہ تعمیر میں مقامی لوگوں کی مدد کی۔