Jul 25, 2020 02:00 pm
views : 257
Location : Domestic Place
Karachi- PTI's two-year performance was the worst, says Siraj-ul-Haq
کراچی، ملک میں مافیاز کی حکومت، پی ٹی آئی کی دو سالہ کارکردگی بدترین رہی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کی دوسالہ کارکردگی مایوس کن ہے، ٹماٹر بحران کے دو ماہ گزرنے کے بعد چینی کا بحران ہوگیا، اس حکومت میں پھر پیٹرول کا بحران شروع ہوگیا، بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل پانی کی طرح بہہ رہا تھا، اور ہمارے ملک میں عوام کو پیٹرول نہیں ملا، فی کلو آٹے کی قیمت میں 25 سے 30 روپے اضافہ ہوا، مہنگائی اور بے روز گاری کے باعث لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں کراچی شدید مشکلات سے دوچار رہا، صدر پاکستان کراچی سے رہے ہیں لیکن کام نہیں ہوتا، عدالت عالیہ نے کے الیکٹرک کے لائسنس منسوخ کرنے کا عندیہ دیا لیکن کے الیکٹرک ٹس سے مس نہیں ہوئی۔
سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ اور اووربلنگ کا مسئلہ ہے، کراچی میں بارش سے نمٹنے کے لیے کوئی مناسب نظام ہی موجود نہیں ہے، کراچی میں ہلکی سی بارش ہوتی ہے اور پورا شہر ڈوب جاتا ہے، 650 کے ترقیاتی ارب روپے میں سے صرف 18 ارب کراچی کے لیے رکھے گئے۔
نیب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے نیب کے نظام کو تباہ کر دیا ہے، نیب نے کوئی بڑی رقم ریکوور نہیں کی، اب عوام بھی نیب کے احتساب کا مطالبہ کر رہی ہے، نیب کے نام پر بدترین احتساب کیا گیا ہے۔